ایتھوپیا نے باضابطہ طور پر افریقہ کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔ 12.5 ارب ڈالر مالیت کا یہ بڑا منصوبہ 2030 تک ملک کو عالمی ہوا بازی کے بڑے مراکز میں شامل کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ ایتھوپین ایئرلائنز کی قیادت میں بشوفٹو میں تعمیر کیا جا رہا ہے، جو دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 45 کلو میٹر جنوب مشرق کی جانب واقع ہے، اور توقع ہے کہ 2030 تک مکمل ہو جائے گا۔ عملی طور پر فعال ہونے کے بعد بشوفٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سالانہ 11 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا، جو موجودہ مرکزی ایئرپورٹ کی گنجائش سے چار گنا زیادہ ہے۔
وزیراعظم ابی احمد نے ایک پوسٹ میں اسے افریقہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہوا بازی کا انفراسٹرکچر منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ یہ ایتھوپیا کو عالمی ایوی ایشن مراکز کی صفِ اول میں لے آئے گا۔
حکام کے مطابق نئے ہوائی اڈے میں چار رن ویز اور 270 تک طیاروں کی پارکنگ کی سہولت ہوگی۔ یہ ایئرپورٹ دارالحکومت میں قائم بولے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جگہ لے گا، جو فی الحال تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ مسافروں کو سالانہ خدمات فراہم کرتا ہے اور اگلے دو سے تین سال میں اپنی مکمل گنجائش تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔
ایتھوپین ایئرلائنز کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور پلاننگ کے ڈائریکٹر ابراہیم تسفائے کے مطابق ایئرلائن منصوبے کی لاگت کا تقریباً 30 فیصد خود برداشت کرے گی جبکہ باقی رقم قرض دہندگان سے حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی زمین کی تیاری کے لیے 610 ملین ڈالر مختص کیے جا چکے ہیں، جو ایک سال میں مکمل ہو جائے گی، جبکہ مرکزی تعمیر اگست 2026 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
ایئرپورٹ کی ابتدائی لاگت 10 ارب ڈالر تھی جو بڑھ کر 12.5 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ ہوائی اڈہ 6 کروڑ مسافروں کو سنبھال سکے گا، جس کے بعد اسے بڑھا کر مکمل 11 کروڑ مسافروں کی صلاحیت تک لے جایا جائے گا۔
منصوبے میں بڑے پیمانے پر معاون انفراسٹرکچر بھی شامل ہے، جس میں بشوفٹو کو ادیس ابابا سے ملانے کے لیے نئی ملٹی لین ہائی وے اور 38 کلو میٹر تیز رفتار ریلوے لائن کی تعمیر شامل ہے، جس پر ٹرینیں 120 سے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں گی۔







