
خلیج اردو
پاکستان نے بھارت اور کینیڈا کے درمیان یورینیم فراہمی کے معاہدے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت کو خصوصی رعایت دینا عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کے لیے خطرہ ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت نے اپنی تمام جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی نگرانی میں نہیں دیا اور 1974 میں کینیڈا کے فراہم کردہ ری ایکٹر سے حاصل مواد کے ذریعے ایٹمی تجربہ کیا تھا۔ بھارت کو یورینیم کی بیرونی فراہمی اس کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔
پاکستان کا موقف ہے کہ سول نیوکلیئر تعاون غیر امتیازی اور اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔ منتخب ممالک کو خصوصی رعایتیں دینا عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹیجک توازن مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ جوہری تعاون کے لیے یکساں معیار اپنائے جائیں تاکہ خطے میں سلامتی اور توازن قائم رہ سکے۔






