خلیجی خبریں

امریکا اور اسرائیل کے تہران سمیت کئی شہروں پر شدید فضائی حملے، درجنوں ہلاکتوں کی اطلاعات، نیوکلیئر تنصیبات کے قریب دھماکے، ایران میں مجموعی شہادتیں تیرہ سو سے تجاوز

خلیج اردو
ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکا اور اسرائیل کے جنگی طیاروں کی شدید بمباری کے بعد مشرقی، جنوبی اور مغربی علاقوں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ مختلف علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اصفہان، تبریز اور کراج میں بھی فضائی حملے کیے گئے۔ کراج میں گورنر ہاؤس کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔

اطلاعات کے مطابق حملوں کے دوران ایک تاریخی مقام کو بھی نقصان پہنچا جسے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا تھا۔

اصفہان میں ہونے والے دھماکے ایران کی جوہری تنصیبات کے قریب ہوئے جس پر عالمی سطح پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ تاہم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں افزودہ یورینیم کے ذخائر محفوظ ہیں۔

حکام کے مطابق جاری حملوں کے بعد ایران میں مجموعی شہادتوں کی تعداد ساڑھے تیرہ سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق تہران اور دیگر شہروں پر حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور اس کے اثرات عالمی سیاست اور توانائی کی منڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button