عالمی خبریں

امریکا نے یو اے ای کے لیے اے آئی چپس، عسکری آلات اور سیٹلائٹس کی برآمدی پابندیاں نرم کر دیں

خلیج اردو
امریکا نے متحدہ عرب امارات کے لیے بعض عسکری آلات، مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپس، سرورز، تجارتی سیٹلائٹس اور خلائی آلات کی برآمد سے متعلق پابندیاں نرم کر دی ہیں۔

امریکی محکمہ تجارت نے فیڈرل رجسٹر میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی پالیسی کے تحت یو اے ای حکومت اور منظور شدہ کمپنیوں کو جدید کمپیوٹنگ مصنوعات کے لیے لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس فیصلے سے یو اے ای کی معروف کمپنیوں جی 42 اور کور 42 کے علاوہ ملک میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں، جن میں ایمیزون، ایپل اور ایکس اے آئی شامل ہیں، کو بھی اے آئی چپس اور سرورز کی درآمد کے لیے لائسنس سے استثنا حاصل ہو گیا ہے۔

امریکی محکمہ تجارت کا کہنا ہے کہ یو اے ای کو یہ رعایت دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط سکیورٹی تعاون کے تناظر میں دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور یو اے ای نے ایران اور اس کے حمایت یافتہ گروپوں، جن میں حماس، حزب اللہ اور حوثی شامل ہیں، کے خلاف مشترکہ تعاون کیا ہے۔

محکمے کے مطابق متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جبکہ امریکا میں یو اے ای کی براہِ راست سرمایہ کاری کا حجم ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔

نئے ضوابط کے تحت امریکا نے یو اے ای کو ان ممالک کے گروپ میں شامل کر دیا ہے جنہیں عسکری اور دوہری استعمال (Dual-Use) کی حامل مصنوعات کی برآمد کے لیے زیادہ لائسنس رعایتیں حاصل ہوں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button