خلیجی خبریں

مصر جانے والے سیاحوں کے لیے بڑی سہولت، یکم اگست سے الیکٹرانک ویزا آن ارائیول سسٹم نافذ

خلیج اردو
مصر نے سیاحوں کے لیے ویزا آن ارائیول کا نیا الیکٹرانک نظام متعارف کرا دیا ہے جس کا پائلٹ مرحلہ یکم اگست 2026 سے شروع ہوگیا۔ نئے نظام کا مقصد ملک میں داخلے کے عمل کو تیز اور آسان بنانا، انتظار کا وقت کم کرنا اور سیاحوں کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

نئے نظام کے پہلے مرحلے کا آغاز قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے تمام ارائیول ہالز سے کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت مسافروں کو پہلے جاری ہونے والے کاغذی ویزا اسٹیکر کے بجائے QR کوڈ فراہم کیا جائے گا۔

QR کوڈ حاصل کرنے کے بعد مسافر براہ راست امیگریشن کاؤنٹر پر جاکر داخلے کی باقی کارروائی مکمل کرسکیں گے۔

نئے الیکٹرانک نظام کے ساتھ عبوری مدت کے دوران پرانا کاغذی ویزا سسٹم بھی محدود عرصے تک جاری رہے گا تاکہ نئے نظام کی جانب منتقلی مرحلہ وار اور محفوظ انداز میں مکمل کی جاسکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

مصر کے وزیر سیاحت و آثار قدیمہ شریف فتحی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں نئے نظام کی کارکردگی اور مؤثریت کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد اسے ملک کے دیگر ایئرپورٹس اور داخلی راستوں تک توسیع دی جائے گی۔

الیکٹرانک ویزا آن ارائیول کیسے حاصل کریں؟

مسافر QR کوڈ حاصل کرنے کے لیے تین طریقوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

موبائل فون پر Visa On Arrival ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنا ملک، آمد کا ایئرپورٹ اور ویزوں کی تعداد منتخب کی جاسکتی ہے۔ ایک درخواست میں زیادہ سے زیادہ 10 ویزے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود سیلف سروس کیوسکس سے بھی ویزا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ مصر کے سرکاری آن لائن پورٹل Visaonarrival.gov.eg کے ذریعے بھی درخواست دی جاسکتی ہے۔

درخواست کے دوران پاسپورٹ نمبر، قومیت، مصر آمد کی تاریخ، آمد کے ایئرپورٹ اور ای میل ایڈریس فراہم کرنا ہوگا۔

فیس ادا کرنے کے بعد QR کوڈ ای میل کے ذریعے موصول ہوگا جس کے بعد مسافر پاسپورٹ کنٹرول پر جاکر داخلے کی کارروائی مکمل کرسکے گا۔

حکام کے مطابق QR کوڈ جاری ہونے کی تاریخ سے سات روز تک قابل استعمال ہوگا۔ مسافر روانگی سے پہلے، سفر کے دوران یا قاہرہ ایئرپورٹ پہنچنے کے فوراً بعد بھی QR کوڈ حاصل کرسکتے ہیں۔

منظم ٹور گروپس کے لیے منظور شدہ ٹور آپریٹرز بھی نئے نظام کے ذریعے مسافروں کے QR کوڈ جاری کرسکیں گے۔

ویزا کی فیس کتنی ہے؟

نئے ڈیجیٹل سسٹم کے لیے معیاری ویزا آن ارائیول فیس کے علاوہ الگ سروس فیس بھی وصول کی جائے گی۔ موبائل ایپ کے ذریعے اس ڈیجیٹل سروس کی فیس 36 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

اہم باتیں

نیا ویزا سنگل انٹری ہوگا اور اس کی مدت 30 دن ہوگی۔

الیکٹرانک ویزا آن ارائیول سسٹم صرف سیاحتی مقاصد کے لیے ہے اور کاروباری سفر کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

مصر جانے والے مسافروں کے لیے یہ نظام بالخصوص ایئرپورٹ پر ویزا کے حصول کے عمل کو تیز کرنے اور کاغذی کارروائی کم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button