پاکستانی خبریں

پشاور کی دیر کالونی میں تین منزلہ سکول کی چھت گرنے کا قیامت خیز سانحہ، ایک لمحے میں سب کچھ ملیامیٹ ہوگیا، 32 افراد جاں بحق

خلیج اردو
مائیں انتظار کرتی رہ گئیں، بچے واپس نہ آئے، پشاور کی دیر کالونی میں تین منزلہ سکول کی چھت گرنے کا قیامت خیز سانحہ، ایک لمحے میں سب کچھ ملیامیٹ ہوگیا، 32 افراد جاں بحق، جاں بحق ہونے والوں میں 31 بچے اور ایک خاتون ٹیچر شامل، ایک ہی خاندان کے پانچ بچے بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔

کتابیں اٹھا کر علم کے حصول کے لیے سکول جانے والے بچے تابوتوں میں واپس لوٹے، دردناک سانحے پر ہر آنکھ اشکبار، کسی کے گھر کا چراغ بجھ گیا تو کسی کی گود اجڑ گئی، تمام جاں بحق بچوں کی عمریں 6 سے 13 سال کے درمیان تھیں، حادثے میں 62 افراد زخمی بھی ہوئے۔

سولہ بچوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت اعلیٰ شخصیات، جاں بحق بچوں کے والدین، رشتہ داروں اور ہزاروں شہریوں کی شرکت، نماز جنازہ کے دوران رقت آمیز مناظر، لواحقین شدید صدمے سے دوچار، ہر آنکھ اشکبار رہی۔

حادثے کے بعد سکول کی عمارت سیل کردی گئی جبکہ مالک کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی کو 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم، جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button