متحدہ عرب امارات

مانو یا نہ مانو، پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، بلاول بھٹو نے بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا

خلیج اردو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا اور سیاسی نظام کی بہتری کے لیے اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس کرنے، مخصوص نشستوں کے معاملے کا ازالہ کرنے اور بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

میٹ دی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ماضی کی زیادتیوں کا ازالہ کرنا ہوگا۔ انتخابی اصلاحات کے ساتھ ماضی کے اعتراضات بھی دور کیے جائیں۔ ان کے مطابق اپوزیشن کو مخصوص نشستوں سے محروم کرنا زیادتی تھی اور مخصوص نشستیں ختم کرکے حکومتی نشستوں میں اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان یا قانون سازی کے ذریعے اپوزیشن کو اس کا حق دیا جاسکتا ہے۔ حکومت کو اپوزیشن کے پاس جانا چاہیے اور اسے یقین دلانا چاہیے کہ گورنر راج ختم کیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے اور سیاسی انتقام کی روایت ہمیشہ کے لیے ختم ہونی چاہیے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ پر اعتماد نہیں رہا، اسے بحال کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے اور اپوزیشن کی تنقید پر حکومت کو اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔ اختلافِ رائے کا جواب گولی، بندوق اور دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہا کہ ان کے خلاف کارروائیوں کے بجائے ان کے سوالات کا جواب دیا جائے۔ مولانا نہ ہوتے تو کوئی اقتدار کی کرسی پر نہ ہوتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل چلا جاتا ہے۔ کیا یہ مان لیا جائے کہ تمام وزرائے اعظم چور تھے یا یہ سیاسی انتقام ہے؟ وہ اپنی زندگی میں ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب کوئی وزیراعظم بننے کے بعد جیل نہ جائے۔

انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے۔ سیاستدان عوامی مسائل بھول چکے ہیں اور باقی ہر موضوع پر بات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق نظام خود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا، اور اس کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button