خلیج اردو آن لائن: پاکستان کے نجی خبررساں ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھر شہر کی صالح پت تحصیل کی نارا نہر سے نکلنے والے ایک بڑے سائز کے مگرمچھ نے 8 سالہ بچی کو اسکے والدین کے سامنے نگل لیا۔
بچی کے والدین کی جانب سے اے آر وائی نیوز کو بتایا گیا کہ انکی بیٹی نارا نہر کے کنارے پر کھڑی تھی جب مگرمچھ نے اس پر اچانک حملہ کر دیا اور اسے پانی میں لے گیا اور زندہ کو کھا گیا۔ اس خوفناک حادثے کو وہاں موجود کئی افراد نے بھی دیکھا۔
وہاں کھڑے مقامی افراد لڑکی کو بچانے کے لیے بھاگے لیکن انکی کوشش ناکام رہی۔ مگرمچھ نے لڑکی کو اپنے مضبوط جبڑوں میں جکڑا اور گہرے پانی کی طرف جاتے ہوئے نگل گیا۔
کچھ مقامی افراد کی جانب سے بتایا گیا کہ مگرمچھ کی لمبائی تقریبا 16 فٹ کے قریب تھی اور وہ ایک بڑی عمر کا مگرمچھ معلوم ہوتا تھا۔ تاہم اے آر وائی نیوز کی جانب سے جب سندھ کے وائلڈ لائیف ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ نارا نہر میں اس وقت مختلف نسلوں کے تقریبا 300 مگرمچھ موجود ہیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلا ایسا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی قریبی دیہاتوں کے لوگوں پر مگرمچھوں کی جانب سے کئی حملے کیے جا چکے ہیں۔ سمتبر 2011 میں نبی بخش منگیور گاؤں میں لوگوں نے آبادی میں گھس آںے والے مگرمچھ کو پکڑ لیا تھا، لوگوں کا کہنا تھا کہ اس نے ایک گائے پر حملہ کیا تھا۔
Source: Pakistan Media






