پاکستانی خبریں

ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا دورہ پاکستان، دفتر خارجہ پاکستان نے تفصیلات جاری کر دیں

خلیج اردو

27 ستمبر 2020

اسلام آباد: افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ 28 سے 30 ستمبر 2020 ء کو تین روزہ دورے پر اسلام آباد آ رہے ہیں۔ دورے کے دوران وہ صدر مملکت ، وزیر اعظم ، چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر قومی اسمبلی ، وزیر خارجہ اور دیگر اعلی سیاسی و عسکری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبد اللہ کے ساتھ افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے ممتاز ممبران پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد بھی پاکستان آرہا ہے ۔ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ اپنے دورے کے دوران صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے ۔اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر قومی اسمبلی ، وزیر خارجہ اور دیگر اعلی سول و عسکری رہنماوں سے بھی ان کی ملاقاتیں طے ہیں۔

افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ وہ اپنے دوراے کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں ایک پروگرام میں کلیدی سپیکر کے طور پربھی خطاب اور میڈیا کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ ، مذہبی اور ثقافتی اقدار اور روایات کی جڑیں بہت ہی گہری ہیں۔ پاکستان افغان عوام کی امن ، استحکام اور خوشحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے اور قریبی تعاون کو مزید تقویت دینے میں معاون ثابت ہو گا جبکہ دورے سے افغان امن عمل اور پاک افغانستان دو طرفہ تعلقات اور عوام سے عوام کے باہمی رابطوں کی مضبوطی کے لیے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button