عالمی خبریںپاکستانی خبریں

افغان تنازعہ کا فوجی حل نہیں اور سیاسی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں: صدر مملکت کی افغانستان کی قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں گفتگو

خلیج اردو: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افغان تنازعہ کا فوجی حل نہیں اور سیاسی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں، افغان قیادت کو اس مسئلے کے سیاسی تصفیے کے لئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوگا، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری نے سراہا ، دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کی قومی مصالحتی ہائی کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کی افغان مصالحتی ہائی کونسل کے چئیر مین کی حیثیت سے کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر ڈاکٹر علوی نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغان تنازعہ کا فوجی حل نہیں ہے اور سیاسی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔ افغان قیادت کو اس مسئلے کے سیاسی تصفیے کے لئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری نے سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے افغان امن عمل میں روڑے اٹکانے والے عناصر کے خلاف ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن نہ صرف خطے بلکہ پاکستان اور افغانستان کے معاشی مفاد میں ہے۔ پاکستان نے کورونا وبا کے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ آسان بنانے کے لئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت ، ٹرانزٹ ٹریڈاور عوامی رابطوں کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ پاکستان نے افغانستان میں ہسپتالوں، سکولوں اور سڑکوں سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان طلبا کو اعلی تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button