
خلیج اردو: وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر کردئیے گئے۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
ترجمان پاک بحریہ کیمطابق وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو 7 اکتوبر 2020 کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا جبکہ کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔
ترجمان پاک بحریہ کیمطابق امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، تاہم اس وقت چیف آف اسٹاف (آپر یشنز) کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آپ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کوہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت اور حکومت فرانس کی جانب سے شیویلٸے (ناٸٹ) میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔







