
خلیج اردو آن لائن:
کویت کی پارلیمنٹ کی جانب سے جمعے کے روز ایک بل پاس کیا گیا ہے جس میں اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین کرنے یا تعلق رکھنے والے کو بھاری جرمانوں ساتھ قید کی سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈرافٹ بل گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کے 5 ممبران کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔
یہ بل اراکین پارلیمنٹ عدنان عبد الصمد، ہشام ال صالح، علی الکتن، احمد الحمد اور خلیل الصالح کی جانب سے پیش کیا گیا تھا جس میں اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات رکھنے یا تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بل کے مسودے میں اسرائیل کے ساتھ براہ راست یا بلواسطہ رابطوں پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کویتی شہریوں اور کویت کے میں مقیم غیر ملکی رہائشیوں کے اسرائیل جانے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
مزید برآں، اس بل میں اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کی ہمدردی کے اظہار پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کیے جا رہے ہیں اور اسرائیل پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے سینکڑوں کویتی شہریوں نے بھی اسرائیل مخالف احتجاج کیا اور اسرائیل جھنڈے کو نظر آتش کر کے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
Source: Gulf Today.






