
خلیج اردو: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیرلائنز کی پروازوں کی منسوخی کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
ترجمان سی اے اے سعد بن ایوب کیجانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کسی پرواز کی اجازت کو منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے این سی او سی کی ہدایات پر 5 مئی 2021 سے پاکستان آنے والی بین الاقوامی پروازوں کو 20 فیصد مسافروں کے ساتھ آپریشن کی اجازت دی تھی جس میں اب 15 جولائی 2021 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے صرف برطانیہ ، کینیڈا ، یورپ ، ملائشیا اور چین سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے 40 فیصد مسافروں کو پاکستان آنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ غیرملکیُ ایئرلائنز کا مختلف ممالک سے پاکستان آنے والی پروازوں پر مسافروں کی زیادہ بکنگ کا نوٹس لیا گیا ہے۔
ترجمان سعد بن ایوب کیمطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پروازوں کی منسوخی اور اوور بکنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پروازوں کی معطلی اور بکنگ کی ذمہ داری متعلقہ ائیرلائن پر عائد ہوتی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیرملکی ایئرلائنز کی کسی پرواز کی اجازت منسوخ نہیں کی تاہم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیرلائنز کی جانب سے عوام میں بے یقینی کی صورت حال پیدا کرنے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان سی اے اے نے مزید کہا کہ سول ایوی ایشن نے عوام، بیرون ملک سفارت خانوں اور سفارتی عملے کو بھی اس عمل سے آگاہ کیا ہے، دوسری جانب سی اے اے ائیر لائنز کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔






