:علاقوں کی فہرستیں بھی تیار
پولیس ، رینجرز اور شہری انتظامیہ نے عالمی وبا کرونا وائرس سے کراچی کے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کو سیل کرنا شروع کردیا ہے۔ متعلقہ علاقوں میں کنٹینر اور رکاوٹیں لگا کر لوگوں کو گھروں تک محدود کیا جا رہا ہے۔
ضلع ايسٹ کراچی کے متاثرہ علاقوں کی فہرست تيار کرلی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں کو بند کر کے سختی سے عمل کیا جائے گا۔
ڈالمیا کی کچھ گلیوں کو شامیانے لگا کر سیل کردیا گیا۔
ڈالمیا کے اطراف کے بھی تمام روڈ مکمل بند ہیں۔
راشد منہاس روڈ کو میلینم کے مقام پر سیل کردیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی جانے والی سڑک بھی بند کردی گئی۔
گلزار ہجری اور گلشن اقبال کی مختلف سڑکیں بھی بند کردی گئیں۔
گلستانِ جوہر کے مختلف بلاکس کی تمام گلیاں ٹرک اور کنٹینر لگا کر سیل کردی گئی ہیں۔
پہلوان گوٹھ جانے اور آنے والے راستے بھی مکمل سیل کر دیئے گئے ہیں۔
کرونا کی وبا پر قابو پانے کیلئے ضلع ايسٹ کی متاثرہ يوسيز کے مختلف علاقوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ جن يوسيز کوسيل کرنا ہے وہاں رکاوٹيں کھڑی کردی گئی ہيں۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے علاقہ مکینوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس، رینجرز اور ٹریفک پولیس مختلف سڑکوں پرمقرر ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کرونا وائرس کے پیش نظر صوبہ سندھ میں جاری لاک ڈاؤن کی شہریوں کی جانب سے خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گزشتہ روز 11 اپریل کو وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِصدارت اجلاس میں ضلع جنوبی میں بھی کچھ علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سندھ حکومت نے ہفتہ 11 اپریل کو ڈپٹی کمشنر شرقی کی جانب سے 11 یوسیز کو سیل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
اس حوالے سے وزیرِ اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے علاقوں کو سیل کرنا عوام کے لیے تکلیف دہ ہوگا، جن گلی محلوں میں کیسز سامنے آئیں گے، صرف انہیں سیل کیا جائے گا۔
Source: Sama News
April 12,2020






