
خلیج اردو
کراچی:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے محکمہ اطلاعات سندھ کے پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم سب کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر سلام پیش کیا اور جعفر ایکسپریس پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پاک فوج کی بہادری کو سراہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے سندھ کی معیشت کو پرائیویٹ سیکٹر چلاتا ہے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کے استعمال سے "آئی ورک فار سندھ” پورٹل بنایا گیا ہے، جس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کے تعاون سے نجی شعبے کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔
پانی کی تقسیم کے معاملے پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ مسائل کا حل سیاسی طریقے سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم زراعت کی ترقی چاہتے ہیں لیکن پانی کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پانی کی تقسیم کے حوالے سے اراکین کا مؤقف لیا گیا ہے اور ان کے تحفظات وفاق تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی دور حکومت میں دو کینالز بنانے کے معاملے پر جام خان شورو اور نثار کھوڑو نے بھرپور مخالفت کی اور ڈٹ کر مؤقف پیش کیا۔






