پاکستانی خبریں

عظمیٰ بخاری کی خیبرپختونخوا حکومت پر کڑی تنقید، 182 ملازمین کو برطرف کرنے کا الزام

خلیج اردو
لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے اب لوگوں کا روزگار چھیننے پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مرکز بحالی پراجیکٹ کے 182 ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے، جس سے کئی خاندانوں کا ذریعہ معاش ختم ہو گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر الزام لگایا کہ صوبے میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے کروڑوں روپے سوشل میڈیا ٹیم پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ٹیم دن رات پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس احتجاج، جلسے اور مارچ کے لیے وسائل ہر وقت دستیاب ہیں، مگر سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کے لیے فنڈز نہیں ہوتے۔ انہوں نے خاص طور پر علی امین گنڈاپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ حکومت اپنی سیاسی سرگرمیوں پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت برطرف کیے گئے ملازمین کو فوری طور پر بحال کرے اور عوامی وسائل کو سیاسی مقاصد کے بجائے عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button