
خلیج اردو
غزہ: اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، تازہ بمباری میں مزید 38 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ 80 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی ایک کثیرالمنزلہ عمارت کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے باعث اطراف کی کئی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ فیصلہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ اس لیے کر رہے ہیں کہ یہی درست قدم ہے۔
ادھر، مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کے حامی مائیک ہکابی کو امریکہ نے اسرائیل میں اپنا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے۔ امریکی سینیٹ میں ان کی توثیق 46 کے مقابلے میں 53 ووٹوں سے ہوئی، جس کے بعد سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کی نامزدگی پر دستخط کر دیے۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے مائیک ہکابی کو مبارکباد دی ہے۔
دوسری جانب لندن میں امریکی سفارت خانے کے باہر اسرائیل مخالف انوکھا احتجاج کیا گیا، جہاں ماحول دوست تنظیم گرین پیس کے کارکنان نے سفارت خانے کے تالاب کو سرخ رنگ سے بھر دیا۔ برطانوی پولیس نے گرین پیس کے سربراہ سمیت چھ افراد کو حراست میں لے لیا۔






