خلیج اردو
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر چین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اب چین جیسے دشمن تجارتی ممالک کے ہاتھوں یرغمال نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر منصفانہ تجارتی توازن پر کسی بھی ملک کو ٹیرف سے استثنا نہیں دیا جائے گا، اور سب سے بڑھ کر چین اس سے نہیں بچے گا جو امریکہ کے ساتھ بدترین سلوک کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ موبائل فونز پر ٹیرف لگانے کا فیصلہ جلد سامنے لایا جائے گا، تاہم اس میں کچھ لچک رکھی جائے گی تاکہ صارفین پر فوری بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ امریکہ مستقبل میں اپنے ہی ملک میں لیپ ٹاپ، کمپیوٹرز اور موبائل فونز تیار کرے گا تاکہ درآمدات پر انحصار کم کیا جا سکے۔
ایران سے متعلق ایک سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ جلد فیصلہ کرے گی اور اس سلسلے میں مشاورت مکمل کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے میڈیکل بورڈ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو طبی طور پر مکمل فٹ قرار دے دیا ہے، جس سے ان کی قیادت اور فیصلہ سازی کی اہلیت پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔







