
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل پر بندوق کی نوک سے کسی کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے فلسطین میں نہتے عوام پر ہونے والے ظلم کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تاریخ میں ایسی بربریت کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی فلسطین کے معاملے پر عالمی سطح پر جرات مندانہ قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا بھر میں فلسطین کا مقدمہ لڑا اور اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں فلسطینی ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں اور دیگر اہم مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان مظالم کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 30 ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے بھی فلسطین میں جاری قتل عام کو عالمی ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ ہم سب اس قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کو مارا گیا اور فلسطین کے جھنڈے پارلیمنٹیرینز کی گاڑیوں سے اتارے گئے۔
پاکستان نے او آئی سی کی ہنگامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا اور اسرائیل کو الٹی میٹم دینے کی تجویز دی کہ اگر وہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی روکنے میں ناکام رہتا ہے تو عالم اسلام کو متحد ہو کر جہاد کا اعلان کرنا چاہیے۔






