پاکستانی خبریں

ڈیجیٹل معیشت، سوسائٹی اور گورننس ترجیحات میں شامل، 30 لاکھ نوجوانوں کو کاروباری تربیت دی جائے گی: وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، سوسائٹی اور گورننس کو قومی ترجیح قرار دے دیا گیا ہے، اور اگلے تین برسوں میں 30 لاکھ نوجوانوں کو کاروباری ہنر سکھانے کے لیے تربیتی کورسز کرائے جائیں گے۔

بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ 14 اگست کو اسلام آباد میں جدید آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ آئندہ مرحلے میں کراچی اور جنوبی پنجاب میں بھی آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ بہتر انداز میں ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ مصنوعی ذہانت کو ایک ابھرتا ہوا شعبہ قرار دیتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ اداروں میں بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے، اور عالمی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پاکستان دنیا کے ساتھ ترقی کی رفتار میں قدم ملا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں کامیابی کے لیے گلوبل مائنڈ سیٹ اپنانا ہوگا، اور حکومت ایک جامع ڈیجیٹل انفارمیشن پلان پر بھی سرگرمی سے کام کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button