
خلیج اردو
نئی دہلی – بھارت کی مودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ سفارتی کشیدگی میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے ایک اور اشتعال انگیز قدم اٹھا لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، حکومت پاکستان کا سرکاری اکاؤنٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) ہندوستان میں بلاک کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت کی انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پہلگام واقعے کے بعد مسلسل پاکستان کے خلاف سخت گیر موقف اپنائے ہوئے ہے۔ مودی حکومت پہلے ہی سندھ طاس معاہدے سے دستبرداری، آبی جارحیت اور دیگر یکطرفہ اقدامات کے اعلانات کر چکی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، حکومت پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی نہ صرف آزادی اظہار رائے کے خلاف ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر روابط محدود کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
بھارت کا یہ اقدام خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دینے اور دوطرفہ مکالمے کے دروازے بند کرنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔







