
خلیج اردو
پشاور – ایف آئی اے پشاور زون نے اینٹی کرپشن سرکل کی جانب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والے گروہ کے چار اہم ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سید صداقت شاہ، نادر خان، عارف خان اور عالم زیب شامل ہیں، جو ایک اسٹیشنری شاپ کی آڑ میں یہ غیرقانونی دھندہ کر رہے تھے۔ چھاپہ مار کارروائی پشاور میں کی گئی جہاں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ منظم گروہ افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس فراہم کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران جعلی پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس، ڈپٹی کمشنر پشاور کے نام سے جعلی مہریں، جعلی پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس، اور نادرا پراسیسنگ کے جعلی اسٹامپ پیپرز بھی برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپہ مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ریاستی شناختی نظام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔






