پاکستانی خبریں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بھارتی حکومت کے رویے پر شدید ردعمل، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

خلیج اردو
پشاور – وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 31 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے جارحانہ رویے پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی حکومت کا طرز عمل افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، اور اگر بھارت نے کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ دراصل بھارتی حکومت کی اپنی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اور افسوسناک امر یہ ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی بھارتی حکومت سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے زہر افشانی دراصل اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور پوری قوم اس وقت متحد ہے۔ اگر بھارتی حکومت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

علی امین گنڈاپور نے خطے کے امن کو بھارتی رویے سے لاحق خطرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ہمیشہ سے رویہ خطے کے استحکام کے خلاف رہا ہے، اور اب بھی وہ امن کو تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button