
خلیج اردو
نئی دہلی: بھارتی حکومت اور ہندو انتہاء پسندوں کے دباؤ پر پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’’عبیر گلال‘‘ کو بھارت میں نمائش کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پہلگام حملے کو جواز بناتے ہوئے بھارتی فلم تنظیموں اور سوشل میڈیا پر سرگرم انتہاء پسند عناصر نے فلم کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر رکھی تھی۔
بھارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر فواد خان کے خلاف مہم شدت اختیار کر گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نہ صرف ’عبیر گلال‘ پر پابندی عائد کی جائے بلکہ آئندہ کسی بھی پاکستانی فنکار کو بھارتی فلموں میں شامل نہ کیا جائے۔ اس تعصب پر مبنی مہم نے فواد خان جیسے بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار کو بھی نشانہ بنایا، جو ماضی میں متعدد بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، بھارتی حکومت کی یہ روش نہ صرف فنون لطیفہ کو سیاست کی نذر کر رہی ہے بلکہ ثقافتی تبادلے کے دروازے بھی بند کرتی جا رہی ہے، جس پر خطے میں فنکاروں اور تخلیق کاروں کو شدید تشویش لاحق ہے۔







