
خلیج اردو
تھائی لینڈ: پاکستان کے مایہ ناز باکسر عثمان وزیر نے باکسنگ رنگ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کے ایسوارن کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا۔ عثمان وزیر کی یہ مسلسل 16ویں پیشہ ورانہ فتح ہے، جس پر پاکستانی شائقینِ کھیل خوشی سے نہال ہو گئے۔
عثمان وزیر نے تھائی لینڈ میں ہونے والے اس اہم مقابلے میں ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور بھارتی حریف کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔ پہلے راؤنڈ میں ہی زوردار مکوں کی بوچھاڑ سے ایسوارن کو چت کر دیا۔ عثمان کی جیت کے بعد ان کے آبائی علاقے میں جشن کا سماں ہے، اہلِ علاقہ نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
یہ جیت نہ صرف عثمان کے کیریئر کا بڑا سنگ میل ہے بلکہ پاک بھارت کھیلوں کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ بھی ہے، جس نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔







