
خلیج اردو
رام اللہ/غزہ: فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کرے تاکہ غزہ کے عوام کو عذاب سے نجات مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کی طرف سے یرغمالیوں کو قید میں رکھنا اسرائیل کو غزہ پر حملوں کا جواز فراہم کر رہا ہے، جس کی قیمت عام فلسطینی شہری چکا رہے ہیں۔ محمود عباس نے کہا کہ ہر روز غزہ میں فلسطینی جاں بحق ہو رہے ہیں اور یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
صدر عباس کے اس بیان پر حماس کی قیادت نے شدید ردعمل دیا ہے۔ حماس رہنما باسم نعیم نے فلسطینی صدر کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار اسرائیلی مظالم کا الزام خود اپنے لوگوں پر ڈال رہے ہیں جو قابلِ افسوس ہے۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ بمباری میں مزید 45 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 51 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ یہودی آبادکاروں نے بھی ظلم کی انتہا کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں کو آگ لگا دی ہے۔







