
خلیج اردو
راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی کے جی پی او چوک میں جاری ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے موقع پر جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور عوامی سہولت کے پیش نظر منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی جس میں زراعت، تعلیم، صحت، آئی ٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے ایتھوپیا سے پاکستان کے لیے براہ راست پرواز کی بحالی پر سفیر کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین مختلف شعبہ جات میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت اس سمت میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔






