
خلیج اردو
لاہور: پاکستان سپر لیگ کے چودہویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور کی ٹیم 129 رنز پر ڈھیر ہوئی جبکہ پشاور زلمی نے ہدف 16.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا نے 37 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 16 اور رشاد حسین نے 13 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی بولنگ میں الزاری جوزف نے شاندار کارکردگی دکھائی، چار اوورز میں صرف 15 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسین طلعت نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوک ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پشاور زلمی کی اننگز میں بابر اعظم نے ایک بار پھر کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے 42 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہ کر ٹیم کو فتح دلائی۔ محمد حارث نے 16 گیندوں پر 20 رنز اسکور کیے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پشاور زلمی کے الزاری جوزف کو دیا گیا جنہوں نے 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔






