
خلیج اردو
25 اپریل 2025
اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے پانی روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوشش کی تو اسے جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ 250 ملین افراد کی زندگی کا معاملہ ہے۔
ترجمان نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر پاکستان کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام دو طرفہ معاہدے، بشمول شملہ معاہدہ، معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان نے واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا ہے، اور 30 اپریل تک واپس جانے والے افراد کو اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، سارک ویزا اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کے تمام ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں، سکھ یاتریوں کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان نے بھارتی نیول، ایئر اور ڈیفنس ایڈوائزرز کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے 30 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کو 30 افراد تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، بھارتی ایئر لائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں اور تمام تجارتی روابط فوراً معطل کر دیے گئے ہیں۔






