پاکستانی خبریں

بھارت اپنی ناکامیاں پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے، پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے: گورنر خیبرپختونخوا اور فیصل کریم کنڈی

خلیج اردو
اسلام آباد:گورنر خیبرپختونخوا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے سکتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ دہشتگردوں کے ہاتھ لگ چکا ہے، جس کا استعمال پاکستان میں دہشتگردی کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین دوسرے ملکوں کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور پاکستان میں ہونے والے کئی دہشتگردی کے واقعات میں افغانیوں کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

پہلگام واقعے پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس واقعے میں خود بھارت کے ملوث ہونے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پچھلی مرتبہ بھارتیوں کو چائے پیش کی گئی تھی لیکن اب یہ سہولت انہیں دوبارہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پانی پر اپنے حقوق کی جنگ لڑنا جانتا ہے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت ردعمل دیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور سی پیک جیسے اہم منصوبوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کا بھی منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اپنی گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا حکومت پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کرپشن میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب خود صوبے کے وزرا ایک دوسرے کو کرپٹ قرار دے رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button