پاکستانی خبریں

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سوئس وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، بھارت کی اشتعال انگیزیوں پر شدید تشویش کا اظہار

خلیج اردو
اسلام آباد، 3 مئی 2025
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران بھارت کی اشتعال انگیزیوں پر شدید تشویش ظاہر کی اور پاکستان کے مؤقف کو واضح طور پر پیش کیا۔

پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور مسلسل پراپیگنڈے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے بھارتی اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے کے امن کے لیے صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔ سوئس وزیر خارجہ نے بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور کسی بھی غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button