
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے ساتھ پاکستان کو جوڑنا بھارت کی منظم سازش ہے، اور ابھی تک واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے سفیر سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے ترکیہ کی جانب سے جنوبی ایشیا میں امن کے مطالبے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان نے پہلگام واقعے پر ذمہ دارانہ ردعمل دیا اور ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کے لیے خطے میں امن کی ضرورت ہے اور اسی لیے وہ شفاف تحقیقات کی حمایت کرتا ہے۔ ترک سفیر نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔







