پاکستانی خبریں

پاکستان پہلگام واقعے میں ملوث نہیں، بھارتی الزامات مضحکہ خیز ہیں،قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کا دوٹوک بیان

خلیج اردو
اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک المیہ وقوع پذیر ہوا اور بھارت نے بغیر نتائج کی پرواہ کیے فوراً پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس واقعے میں قطعاً ملوث نہیں اور یہ چند سر پھرے افراد کا انفرادی عمل ہو سکتا ہے، لیکن بھارت کی روایت رہی ہے کہ وہ ہر سانحے کا الزام پاکستان پر ڈال دیتا ہے۔ بلاول بھٹو نے سوال اٹھایا کہ جب بھارت خود ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، تو وہ دوسروں پر اس کا الزام کیسے لگا سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عرصے سے دہشت گردی کا نشانہ بنتا رہا ہے اور جب ہم اس عفریت کا شکار ہو رہے تھے، تب دنیا خاموش تماشائی بنی بیٹھی تھی۔ بلاول بھٹو نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ واقعی امن چاہتے ہیں تو لوگوں پر جبر نہ کریں، اور کشمیریوں کو آزادی کا حق دیں، کیونکہ کشمیر بھارت کا علاقہ نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے الزامات نہ صرف جھوٹ پر مبنی ہیں بلکہ خطے میں امن کے لیے خطرہ بھی بن سکتے ہیں۔ بلاول نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت اور بے بنیاد الزام تراشیوں کا نوٹس لے۔

بلاول بھٹو نےکہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے مظلوموں کے خون بہانے کا ذمہ دار ہے اور یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال اور جبر و استبداد کی پالیسی نے خطے میں امن کو مسلسل خطرے میں ڈال رکھا ہے۔

بلاول بھٹو نے سندھ کی تاریخی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صرف ایک دریا نہیں بلکہ تہذیب کا گہوارہ ہے، جہاں عظیم تہذیبیں پھلی پھولی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دریا صرف زمینوں سے نہیں بلکہ ہماری تہذیب اور ثقافت سے بھی جڑا ہوا ہے، اور اس کی اہمیت محض جغرافیائی نہیں بلکہ تاریخی اور سماجی ہے۔

انہوں نے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی احتیاط کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ ہماری افواج ہر وقت بلند حوصلوں کے ساتھ دفاع کے لیے تیار کھڑی ہیں۔ بلاول نے زور دیا کہ مسائل کا حل افہام و تفہیم میں ہے، نہ کہ الزام تراشی اور جارحیت میں۔

انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور ان کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہادر اور باوقار ہیں، انہیں کوئی جھکا نہیں سکتا اور نہ ہی کسی دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button