
خلیج اردو
اسلام آباد، 6 مئی 2025
ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں 19 اپریل 2025 کو ڈپٹی وزیراعظم کے دورہ کابل کے بعد دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، علاقائی رابطوں، اقتصادی تعاون، عوامی سطح پر روابط اور سیاسی مشاورتی نظام کی بحالی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے تسلسل پر زور دیا۔ انہوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے افغان وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ اشتعال انگیزی اور غیرقانونی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے امن کے قیام اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے پاکستانی عزم کو دہرایا۔
امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے تجارت میں سہولت اور سفری اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم کو ایک بار پھر دورۂ کابل کی دعوت دی اور پاکستانی حکومت و عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔






