
خلیج اردو
راولپنڈی:پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ایک بار پھر اپنی بزدلانہ تاریخ دہرائی اور سویلین آبادی، عبادت گاہوں اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چھ مختلف مقامات پر 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں 13 شہری، مظفر آباد کے قریب مسجد بلال پر حملے میں 3 افراد، کوٹلی میں مسجد عباس پر حملے میں 2 بچے، اور مریدکے میں ایک مسجد پر حملے میں 3 افراد شہید ہوئے۔ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شکرگڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر دشمن کی اشتعال انگیزی سے بھی 5 شہری شہید ہوئے۔ پاک فوج نے قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن کو چند لمحوں میں مؤثر جواب دیا اور لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی دھرمسل 1 اور دھرمسل 2 پوسٹس کو اڑا دیا۔
پاک فضائیہ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فضائی حملے کو پسپا کیا اور دشمن کے 5 لڑاکا طیارے (تین رافیل، ایک سخوئی، ایک مگ-29) اور ایک مسلح ڈرون کو مار گرایا۔ بھارتی طیاروں کے ملبے اونتی پور، بھٹنڈا، اکھنور اور سری نگر کے قریب دیکھے جا سکتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی تمام طیارے محفوظ ہیں جبکہ پاک فوج کی مؤثر کارروائی میں دشمن کے کئی ٹھکانے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا۔ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈروپراجیکٹ کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی، جو عالمی قوانین اور جنگی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن بزدل اور کم ظرف ہے، جو مساجد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ عالمی قوانین مذہبی اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی حملے کے وقت پاکستانی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی مسافر طیارے موجود تھے، جن میں کئی ممالک کے شہری سوار تھے، بھارت نے ان کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے اور شہادت کو گلے لگانا افواج پاکستان کا طرہ امتیاز ہے۔ ملکی سرحدوں کا دفاع اور جان قربان کرنا ہمارا نصب العین ہے۔






