
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں گزشتہ رات بھارتی حملے کو ناکام بنانے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، مگر پاک فضائیہ نے اسے منہ توڑ جواب دے کر رات کو چاندنی میں بدل دیا۔
وزیر اعظم نے خطاب کے آغاز میں تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ پوری قوم کو بھی اس عظیم کامیابی پر مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق افواج پاکستان چوبیس گھنٹے تیار تھیں کہ دشمن کا ہر وار ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کے رافیل طیارے چند روز پہلے فضا میں بلند ہوئے مگر ان کو لاک کر دیا گیا جس کے بعد وہ واپس سری نگر میں لینڈ کرنے پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ کل رات بھارت کے انہی طیاروں نے پاکستان کے چھ شہروں پر حملہ کرنے کی کوشش کی، مگر پاک فضائیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے جو بٹنڈا میں جا گرے، جبکہ دو بھارتی ڈرونز بھی تباہ کیے گئے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ایئر چیف ظہیر بابر کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ایئر فورس نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔
وزیر اعظم نے بھارتی حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لیے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ آج اسلام آباد میں ایک شہید کا جنازہ ہے، جس میں وہ خود، صدر مملکت اور آرمی چیف شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سپاہی ہمارے ہیروز ہیں جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل رات اللہ تعالیٰ نے ہمیں عظیم فتح عطا فرمائی اور یہ فتح ہماری بہترین تیاری اور احتیاط کا نتیجہ ہے، ورنہ ہم دس بھارتی جہاز بھی گرا سکتے تھے۔ وزیر اعظم نے اپوزیشن بالخصوص پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کو عظیم بنانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن چیمبر میں آنے کو بھی تیار ہیں تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ پاکستان ایک متحد قوم ہے۔






