
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارتی فضائی جارحیت پر پاکستان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور انہیں احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز کارروائی نے دو ایٹمی طاقتوں کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فضائیہ نے بلااشتعال اور کھلی جنگی کارروائی کے تحت اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے پاکستان کے اندر اسٹینڈ آف ہتھیاروں کے ذریعے حملے کیے، جو کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان حملوں میں مریدکے، بہاولپور اور لائن آف کنٹرول کے پار کوٹلی اور مظفرآباد کے علاقے نشانہ بنائے گئے جہاں عام شہریوں کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔
شفقت علی خان نے کہا کہ ان حملوں کے باعث نہ صرف انسانی جانیں خطرے میں پڑیں بلکہ بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں اور فضائی پروازوں کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس جارحیت کا مؤثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، اور جواب وقت اور مقام کا تعین پاکستان خود کرے گا۔






