
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے، بیگناہوں کی شہادتوں پر اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شروعات بھارت نے کی ہے، اب معاملہ کہاں تک جائے گا اس کا فیصلہ ہم خود کریں گے۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ قومی سکیورٹی کمیٹی نے افواج پاکستان کو مکمل اختیار دے دیا ہے اور اب وہ بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اس بار صرف طیارے ہی نہیں گرے بلکہ بھارتی قوم کا غرور اور ناز بھی زمین بوس ہوا ہے۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک کیے، جس کے بعد شرمندگی کی فضا میں دشمن نے ڈرونز بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی 9 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے، لیکن اب دنیا یہ تسلیم کر چکی ہے کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعے سے متعلق کوئی قابل اعتماد ثبوت موجود نہیں۔





