
خلیج اردو
لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت مختلف شہروں پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کو بروقت ردعمل اور دشمن کے ڈرون گرانے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور دیگر مقامات پر پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بھارت نے کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر ننگی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے، اور اس کا خمیازہ اسے ضرور بھگتنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، دشمن کو ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت کا غرور اس وقت زمین پر رافیل طیاروں کے ملبے کی صورت میں بکھرا پڑا ہے، اور دنیا بھر میں بھارتی پائلٹ نااہلی اور ناکامی کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے پاکستان کے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی ہے، جو بین الاقوامی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔






