
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے آج شام امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی، جن کے نتیجے میں 31 شہری شہید، 57 زخمی ہوئے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ان حملوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی کی ہے اور یہ جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصے میں ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔
سکریٹری مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیاء کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں۔
دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔






