پاکستانی خبریں

بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کاؤنٹ ڈاؤن شروع، پاکستان نے عالمی سطح پر مؤقف واضح کردیا

خلیج اردو
اسلام آباد – بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی کے بعد پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کو اولین ترجیح دیتا ہے، لیکن بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب ضرور دیا جائے گا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت نے نہ صرف انکار کیا بلکہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی تمام اپیلیں بھی نظر انداز کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت کئی ممالک نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنگی ماحول پیدا نہ کرے، مگر بھارت نے اشتعال انگیز رویہ جاری رکھا۔

ادھر امریکہ میں پاکستانی سفیر سعید شیخ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کمیٹی نے متفقہ طور پر اعلان کیا ہے کہ پاکستان بھارت کو جواب دینے کا مکمل اختیار رکھتا ہے اور یہ جواب وقت اور حالات کے مطابق دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر کی جانے والی جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سعید شیخ نے مزید کہا کہ عالمی برادری، خصوصاً امریکا، کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل میں اپنا فعال کردار ادا کرے، کیونکہ یہی خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ ہم کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، مگر امن ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button