پاکستانی خبریں

پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر سرگرم عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ،ریاست مخالف سوشل میڈیا مہم پر این سی سی آئی اے کی تحقیقات شروع

خلیج اردو
اسلام آباد – 8 مئی 2025: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ریاست مخالف منظم سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ریفرنس نمبر آر ای – 607/2025 کے تحت آج تحقیقات کا اندراج کیا گیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق سائبر نگرانی کے دوران تقریباً 500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جو ریاست مخالف بیانیے کے پھیلاؤ میں ملوث پائے گئے۔ یہ سرگرمیاں ایسے نازک وقت میں منظر عام پر آئیں جب ملک قومی سلامتی کے حساس مرحلے سے گزر رہا تھا۔

ادارے کے مطابق خصوصی سائبر ٹیمیں ان مشتبہ اکاؤنٹس کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کا باریک بینی سے تجزیہ کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی نادرا کے ساتھ مل کر چہروں کی شناخت اور متعلقہ افراد کی تصدیق کا عمل بھی جاری ہے تاکہ اصل عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مروجہ سائبر قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ قومی خودمختاری کو ڈیجیٹل میدان میں چیلنج کرنے والی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی حرکتوں کے خلاف سخت قانونی اقدام اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button