
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی تمام میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوں گے۔ یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں شیڈول آخری آٹھ میچز اب یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ میچوں کی حتمی تاریخوں اور مقامات کی تفصیل جلد جاری کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 37 غیر ملکی کھلاڑیوں نے، جن کا تعلق آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان سے ہے، موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں رکنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے بدھ کے روز پاکستان میں فضائی کارروائی کی گئی، جب کہ اس سے قبل نئی دہلی نے ایک حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کیا۔ اس کے جواب میں پاکستان نے بھی شدید جوابی کارروائی کی، اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر ڈرون حملوں کا الزام لگایا۔
پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن 2016 میں یو اے ای میں ہی منعقد ہوا تھا، جب کہ بین الاقوامی کرکٹ نے 2020 میں پاکستان میں واپسی کی تھی، جو 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد معطل ہو گئی تھی۔







