
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ کے علاقوں میں اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایک ڈرون وہاڑی میں، ایک پاکپتن میں اور چار ڈرونز اوکاڑہ میں ایئر ڈیفنس سسٹم کی مدد سے مار گرائے گئے۔ اب تک دشمن کے کل 35 ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، تمام ڈرونز مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "جب بھی کوئی ڈرون آتا ہے تو وہ مسلسل ریڈار پر دیکھا جا رہا ہوتا ہے” اور "ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ چھوٹے سے چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کر سکتا ہے”۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ شہری علاقوں اور کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون مار گرانے کے لیے ایک مخصوص آپریشنل طریقہ کار موجود ہے، جسے بروقت اور مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ "پاکستان کا دفاعی نظام اور ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کے حملوں کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے”، اور "ہر ڈرون کی ٹریکنگ سے یہ واضح ہے کہ پاکستان کا دفاعی ڈھانچہ نہایت مضبوط اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے”۔






