
خلیج اردو
مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیری عوام نے پاک فوج کی گاڑیوں کا والہانہ اور شاندار استقبال کیا۔ شہر "اللہ اکبر” اور "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” جیسے نعروں سے گونج اٹھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار نعرے بازی کی۔
گاڑیوں کی آمد کے موقع پر شہریوں نے اجتماعی دعا کا اہتمام کیا اور پاک فوج کے دستے کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ریلی کی شکل میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی جانب روانہ کیا۔ عوام نے نہ صرف پاکستان کے جھنڈے لہرائے بلکہ وطن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
یہ مناظر اس بات کا واضح پیغام تھے کہ کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع کے لیے تیار ہیں۔






