خلیج اردو
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت کی مہم جوئی کو بروقت نہ روکا گیا تو پورا خطہ ایک نئی اور خطرناک جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہا ہے اور اُسے ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔
عمر ایوب نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری ناقابل قبول ہے، اور یہ ایک منظم اشتعال انگیزی ہے جس کا مقصد خطے کا امن تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستانی شہری فضائی حدود کو نشانہ بنا کر خود کو ایک غیر ذمہ دار اور خطرناک ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینا قومی سلامتی کا تقاضا ہے۔






