
خلیج اردو
اسلام آباد: برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی نہ صرف پاکستان کی فضائی طاقت کا ثبوت ہے بلکہ آسمان پر اس کے راج کا عملی اعلان بھی ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستان کو حاصل جدید چینی ٹیکنالوجی نے عالمی عسکری ماہرین کو بھی نظریہ تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تیار کی جانے والی فضائی قوت نے بھارت کو دفاعی اعتبار سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ٹیلی گراف کے مطابق بھارتی رافیل طیارے پاکستانی حدود سے 300 کلومیٹر دور رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ انہیں اس نادیدہ اور خاموش ٹیکنالوجی کا شدید خوف ہے جس نے فضاؤں میں پاکستان کی برتری قائم کر دی ہے۔
اخبار کے مطابق بھارتی پائلٹس رافیل کی تباہی پر شدید حیرت زدہ ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر رافیل جیسے جدید طیارے کو گرایا جا سکتا ہے تو پھر کوئی بھی محفوظ نہیں۔ دی ٹیلی گراف نے لکھا کہ پاکستان کی جانب سے نادیدہ اور خاموش عسکری ٹیکنالوجی کے استعمال نے بھارت کو ایک واضح پیغام دیا ہے کہ فضاؤں میں اب پاکستان کی طاقت مسلمہ ہے۔






