
خلیج اردو
اسلام آباد: اسماعلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو الگ الگ خطوط بھیج کر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ پرنس رحیم نے خطوط میں دعا کی ہے کہ معاملہ پرامن طور پر حل ہو اور مزید جانی نقصان نہ ہو۔
پرنس رحیم نے اپنے خط میں لکھا کہ موجودہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی تشویشناک ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے عوام کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل صرف سفارتی، پرامن اور انسانی بنیادوں پر ہی ممکن ہے۔
خطوط کے مطابق، پرنس رحیم نے دونوں ممالک کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنے اور بات چیت کی راہ ہموار کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی ایک خط لکھا ہے جس میں عالمی ادارے سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خطے میں قیام امن کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔
روحانی رہنما کی اس پیشکش کو عالمی سطح پر ایک سنجیدہ اور تعمیری کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو خطے میں قیام امن کے لیے مختلف سطحوں پر کی جانے والی کاوشوں کا حصہ ہے۔






