
خلیج اردو
فیصل آباد، 14 مئی 2025: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے صرف جنگ نہیں جیتی بلکہ آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو نفرت اور تقسیم کا درس دیا گیا، لیکن نفرت اور تقسیم سکھانے والے اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولے نے شہداء کی بے حرمتی کی اور جنہوں نے اپنے ملک کے جہاز جلائے، آج ہماری افواج نے ان سے کئی گنا بڑے ملک کے رافیل طیاروں کو گرا کر انہیں شکست فاش سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئیں، اور پوری قوم نے اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کی مکمل حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم 9 مئی والے نہیں بلکہ 10 اور 28 مئی والے ہیں، جنہوں نے دشمن کو شکست دی اور ملک کو سر بلند کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ افواج پاکستان نے جنگ لڑی جبکہ پوری قوم ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئی، آج پورا پاکستان سر بلند ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ یہ قوم تقسیم کی سازشوں کو رد کر کے اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ پاکستان کی فوج اور عوام مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور اپنے وطن کے وقار کو بلند کر سکتے ہیں۔






