پاکستانی خبریں

رات ڈھائی بجے مجھے آرمی چیف کاغصے سے بھرا فون آیا، آرمی چیف نے فون پر کہا کہ بھارت نے حملے کی تیاری کرلی ہے ، وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

خلیج اردو
اسلام آباد، 21 مئی 2025:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ مکمل طور پر حکومت کا ہے، اس میں فوج کی جانب سے کوئی تجویز یا دباؤ شامل نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم فیصلے میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی مشاورت شامل رہی۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان مذاکرات میں اتفاق ہوا ہے اور افواج جنگ سے قبل کی پوزیشن پر واپس چلی جائیں گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس واپسی کے لیے فی الحال کوئی حتمی ٹائم فریم طے نہیں کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے لیے مقام کا تعین سعودی عرب یا متحدہ عرب امارات میں کریں گے، اور ان مذاکرات میں امریکا ایک بنیادی کردار ادا کرے گا۔ شہباز شریف کے مطابق، مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی ڈی جی آئی ایس آئی بطور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کریں گے۔

وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے لیے پاکستان نے کوئی درخواست نہیں کی، اگر ایسی کوئی بات ہوتی تو عالمی برادری اسے واضح کر دیتی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پسرور میں ایک چیک پوسٹ پر پاکستانی افواج نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور ایک جوان سمیت آٹھ شہریوں کی شہادت کے باوجود مورچے نہیں چھوڑے۔

وزیراعظم کے مطابق، اس جنگ میں پاکستان نے جو "جوالفتح” میزائل استعمال کیا، وہ مکمل طور پر پاکستان کا تیار کردہ تھا، اور پوری جنگ کی قیادت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کی۔ شہباز شریف نے بتایا کہ جنگ کے دوران رات ڈھائی بجے آرمی چیف نے انہیں اطلاع دی کہ بھارت حملے کی تیاری کر رہا ہے، جس پر وزیراعظم نے جواب دیا: "ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، بھارت کو بھرپور جواب دیں۔”

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف دعائے خیر کی بلکہ اللہ نے فتح بھی نصیب کی، ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے ملک کو، جو معاشی اور دفاعی لحاظ سے آگے ہے، بھرپور جواب دیا۔

مزید برآں، وزیراعظم نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ اس نے جنگ کے دوران بھارت کو ہتھیار اور فوجی مشیر فراہم کیے۔ ان کے مطابق، سرینگر اور دیگر مقامات پر اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button